چین میں جدید ترین روبوٹس کی عالمی نمائش جاری

Last Updated On 24 August,2019 07:59 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جینس) پر عالمی کانفرنس منعقد کی گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ جدید ترین روبوٹس کی نمائش بھی جاری ہے، اس نمائش میں مختلف صنعتوں کیلئے تیار کردہ 700 روبوٹس پیش کئے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 22 ممالک سے ساڑھے 4 ہزار کمپیوٹر سائنسز کے ماہرین اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی شب و روز کی محنت سے ایسے روبوٹس تیار کئے ہیں جو پانی میں تیرنے سے لے کر ہوا میں اڑنے اور گھریلو کام سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان میں بچوں اور بوڑھوں کو تفریح فراہم کرنے والے روبوٹس بھی موجود ہیں جو والدین کی عدم موجودگی میں ان کا نہ صرف خیال رکھتے ہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر پولیس یا فائربریگیڈ کو ایمرجنسی کی اطلاع بھی پہنچا سکتے ہیں۔

اس نمائش کی خاص بات جس نے دنیا بھر کی کمپنیوں کو متوجہ کیا ہے مختلف صنعتوں میں استعمال ہونے والے روبوٹس بھی ہیں جو فیکٹریوں میں وہ اہم امور نمٹاتے ہیں جو انسان کیلئے انتہائی مشکل یا جن میں جان جانے کا خطرہ رہتا ہے۔ یہ روبوٹس انسانوں کے مقابلے کم اجرت اور کارکردگی میں بھی بہتر ہیں۔

نمائش میں پرندہ روبوٹ نے خوب دھوم مچائی جو بالکل حقیقی پرندے کی طرح اڑتا ہے، پر پھڑپھڑاتا یہ پرندہ روبوٹ مختلف کاموں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک اور گری بینڈ نامی روبوٹ جو پیانو بجانے کا ماہر ہے، ایسی دلکش دھنیں بجاتا ہے کہ بڑے بڑے موسیقار داد دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔