جسم میں وٹامن بی 6 اور آئرن کی کمی ذہنی تناؤ کا باعث

Last Updated On 21 August,2019 03:44 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ذہنی تناؤ آج کل عام مرض بن چکا ہے اور ہر دوسرا شخص ان کا شکار نظر آتا ہے، حال ہی میں ماہرین نے اس کا ایک اور سبب تلاش کر لیا ہے جس کے مطابق جسم میں وٹامن بی 6 اور آئرن کی کمی دماغی مسائل میں مبتلا کر سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یوں تو مختلف دماغی امراض و مسائل کی بڑی وجہ جینیات، دماغ کی کیمسٹری، ماحولیاتی عوامل اور کوئی طبی مسئلہ یا بیماری ہوتا ہے تاہم ذہنی تناؤ کا تعلق جسم میں مختلف غذائی اجزا کی کمی سے بھی ہوسکتا ہے۔

ان کے مطابق جسم میں وٹامن بی 6 اور آئرن کی کمی دماغی مسائل میں مبتلا کرسکتی ہے۔ حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وٹامن بی 6 اور آئرن کی کمی دماغ کے اس حصے میں کیمیائی تبدیلیوں میں اضافہ کر دیتی ہے جو شدید گھبراہٹ، گھٹن محسوس ہونے، سانس کے تیزی سے چلنے اور بے چینی کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

تحقیق کیلئے 21 افراد پر مشتمل گروہ کی جانچ کی گئی جو ذہنی تناؤ میں مبتلا تھے، ماہرین نے دیکھا کہ بیماری کی شدت ان کے جسم میں موجود غذائی اجزا کی سطح پر منحصر تھی اوران افراد میں وٹامن بی 6 اور آئرن کی سطح کم تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پہلو پر مزید جامع تحقیق کی ضرورت ہے تاہم صحت مند اور متوازن غذا کا دماغی صحت مندی سے نہایت گہرا تعلق ہے ۔