آکیو پریشر گدے سے 15 منٹ میں درد ختم، اعصاب پرسکون

Last Updated On 21 August,2019 02:27 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکا کی ایک کمپنی نے چینی طریقہ علاج آکیوپریشر کے اصول کو استعمال کرتے ہوئے منفرد گدّا ایجاد کیا ہے جس کے بارے میں ان کا دعوی ہے کہ اس پر روزانہ صرف 15 منٹ تک لیٹنے سے جسم کا تمام درد ختم ہوجاتا ہے اور اعصاب پرسکون ہوتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ اس آکیوپریشر گدے میں 192 مقامات پر مخصوص آکیوپریشر ابھار بنائے گئے ہیں جو کنول کے پھولوں کی طرح نظر آتے ہیں۔ جب کوئی اس گدّے پر لیٹتا ہے تو یہ اس کے جسم پر خاص انداز سے دباؤ ڈالتا ہے جس کے نتیجے میں خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے، پٹھوں اور اعصاب کو سکون ملتا ہے جبکہ درد، سوزش اور تناؤ ختم کرنے والے ہارمون بھی وافر مقدار میں خارج ہوتے ہیں جن کی بدولت صرف 15 منٹ میں پورے جسم کا درد ختم ہوجاتا ہے۔

یہ گدّا تقریباً چار فٹ لمبا اور دو فٹ چوڑا ہے جو تین حصوں میں تقسیم ہے جسے تہہ کر کے ایک چھوٹے بیگ میں رکھا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے دعوے کے مطابق اسے روزانہ صرف 15 منٹ استعمال کرنے سے جسمانی درد ختم ہو جاتا ہے، اعصاب کو سکون ملتا ہے اور بے خوابی کی شکایت دور ہوتی ہے۔ اسے گھر اور دفتر میں آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔