انسانی ہڈیاں خطرے میں خاص مددگار ہارمون خارج کرتی ہیں

Last Updated On 16 September,2019 03:32 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) ہم جانتے ہیں کہ خوف اور خطرے کی صورت میں دل دھڑکتا ہے، بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ پورے بدن کی ہڈیاں بھی ایک ہارمون خارج کرکے ہمیں اس صورتحال کا سامنا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہڈیوں سے خارج ہونے والا یہ ہارمون ہماری پوری ہڈیوں سے خارج ہو کر لاشعوری طور پر ہمیں چوکنا کرتا ہے کہ آیا یہاں سے بھاگنا ہے یا پھر مقابلہ کرنا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے سائنسداں پروفیسر جیرارڈ کارسینٹی اور ان کے ساتھیوں نے انسانی ہڈیوں سے خارج ہونے والا ایک نیا ہارمون دریافت کیا ہے جسے ’’آسٹیو کیلسن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

یہ ہارمون ہماری جسمانی حرکات کو منظم کرنے کا کام کرتا ہے، اس طرح ہمارا جسم پورے ڈھانچے سمیت مزید منظم اور چوکنا ہو جاتا ہے۔ ویسے ہم جانتے ہیں کہ خوف یا خطرے کی صورت میں خون میں شکر کی مقدار بڑھتی ہے اور جسمانی درجہ حرارت بھی بڑھ جاتا ہے جس کا مقصد ہمارے عضلات اور پٹھوں کو مقابلہ کرنے یا پھر دوڑنے کیلئے تیار کرنا ہے۔

ہم یہ سمجھتے رہے کہ انسانی دماغ سے خاص ایڈرینل ہارمون خارج ہوتے ہیں جو پورے جسم تک جاتے ہیں لیکن اب اس میں ہڈیوں کے ہارمون بھی شامل ہیں۔
 

Advertisement