گوگل پورا نقشہ کیوں نہیں دکھاتا؟

Last Updated On 28 March,2019 02:17 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) آپ گوگل ارتھ پر بہت مزے سے دنیا بھر کے نقشے اور تصاویر دیکھتے ہیں۔ اصل میں یہ تمام نقشے سیٹلائٹ کی مدد سے بنائے جاتے ہیں اور ہمیں یہ علم ہوتا رہتا ہے کہ فلاں جگہ کیا چیز ہے یا فلاں جگہ کیسی ہے۔ لیکن دنیا میں کچھ مقامات ایسے بھی ہیں جو گوگل آپ کو نہیں دکھاتا جس کی مختلف وجوہات ہیں، جیسے سکیورٹی یا اس ملک کی درخواست جہاں یہ مقامات واقع ہیں۔

ذیل میں کچھ ایسے ہی مقامات کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔ روسی علاقہ اگر آپ روس میں واقع بحر منجمد شمالی کو دیکھیں تو آپ کو بڑا حصہ واضح نظر نہیں آئے گا بلکہ اس پر برف نظر آئے گی کیونکہ گوگل نے اس کو لوگوں کی نظروں سے چھپا رکھا ہے۔

تائیوان کی فوجی تنصیبات سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے تائیوان کی حکومت نے گوگل کو درخواست کی تھی کہ اس کی تنصیبات کو گوگل ارتھ پر نہ دکھایا جائے کہ اس طرح اس کے دشمنوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

امریکہ اور میکسیکو کا بارڈر یہ علاقہ امریکہ اور میکسیکو کے درمیان انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کی وجہ سے بہت مشہور ہے اور جرائم پیشہ عناصر اس کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں لہٰذا اس علاقے کو گوگل نے دھندلا دیا ہے تاکہ سمگلرز کو کوئی مدد نہ مل سکے۔

مارکولی نیوکلیئر پلانٹ، فرانس اس پلانٹ میں یورینیم کا ذخیرہ ہے جبکہ ماضی میں یہاں نیوکلیائی پلانٹ بھی تھا۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر فرانس نے اس علاقے کو گوگل سے درخواست کے بعد دھندلا دیا ہے۔ وولکل ائیر بیس، نیدر لینڈز ہالینڈ میں فوجی سرگرمیاں اکثر مشکوک رہی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اس ائیر بیس میں 22 نیوکلیائی ہتھیار رکھے گئے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ یہ بم ہیروشیما اور ناگا ساکی پر گرائے گئے بموں سے چار گنا زیادہ طاقتور ہیں۔ پورٹ لاؤزجیل، آئرلینڈ اس جیل میں آئر لینڈ کے خطرناک ترین قیدی رکھے گئے ہیں لہٰذا اس کی حفاظت کے لئے ہر وقت فوجی دستے گشت کرتے رہتے ہیں۔ کسی جہاز کو یہاں آنے کی اجازت نہیں۔ جبکہ گوگل ارتھ پر دکھائی جانے والی تصاویر برسوں پرانی ہیں۔ میشائل اے اے ایف بلڈنگ، امریکہ اس عمارت کے گرد 48 مربع کلومیٹر تک صحرا ہے۔ یہ علاقہ دوسری جنگ عظیم میں نیوکلیائی اور کیمیائی ہتھیاروں کو جانچنے کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔کہا جاتا ہے کہ اب بھی یہاں کچھ ایسی سرگرمیاں کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس علاقے کو گوگل ارتھ پر دھندلا دیا گیا ہے۔

سپین کا فوجی علاقہ جنوبی سپین کے علاقے El Ejido کو سفید کرکے بالکل دھندلا دیا گیا ہے۔کہا جاتا ہے کہ یہاں سپین اپنی فوجی سرگرمیاں سرانجام دیتا ہے جس کی وجہ سے اسے نہیں دکھایا جاتا۔ HAARP واشنگٹن اور اوریگان کے درمیان واقع یہ ایک خفیہ مقام ہے۔ یہاں متنازعہ پروگرام HAARP کام کر رہا ہے۔ اس طرح کی افواہیں عام ہیں اس پروگرام کی مدد سے موسم کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس سے مخالف ممالک میں سیلاب آسکتے ہیں یا خشک سالی ہو سکتی ہے۔

جنید انجم


 

Advertisement