روس میں اربوں ڈالر سے خوابوں کے جزیرے کی تعمیر جاری

Last Updated On 22 October,2019 11:14 am

ماسکو: (روزنامہ دنیا) ماسکو میں ندی کے کنارے ایک ایسے تفریحی پارک ‘آئی لینڈ آف ڈریمز’ کی تعمیر جاری ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ نہ صرف روس بلکہ دنیا بھر میں سب سے بڑا انڈور تفریحی پارک ہو گا، اس پارک کو ڈزنی لینڈ کے قلعے کی طرز پر بنایا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پارک کی تعمیر روس کے موسم کو مدِ نظر رکھ کر کی گئی ہے اور شائقین کو روسی سردیوں سے بچانے کیلئے یہ پارک شیشے کے بڑے بڑے گنبدوں کے درمیان تعمیر کیا گیا ہے۔

تفریحی پارک میں شیشے کے سات بڑے گنبد ہیں جن میں سے سب سے بڑا 91 ہزار مربع فٹ چوڑا اور 115 فٹ اونچا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق تین لاکھ مربع میٹر پر محیط یہ پارک سال کے آخر تک کھل سکے گا اور امید کی جا رہی ہے کہ سال بھر شائقین یہاں کا دورہ کر سکیں گے۔

پارک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین امیران متسوف کے مطابق وہ لوگوں کو یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ کسی مال میں نہیں بلکہ ایک حقیقی شہر میں چہل قدمی کر رہے ہیں۔ پارک میں حقیقی زندگی جیسی گلیاں اور فٹ پاتھ بنائے گئے ہیں اور اس میں دکانیں، ریستوران، سینما اور ایک کنسرٹ ہال بھی شامل کئے جائیں گے۔


 

Advertisement