مغربی حلیہ اپنانے والے طلبا کے یونیورسٹی داخلے پر پابندی

Last Updated On 31 December,2019 10:14 am

قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصری یونیورسٹی نے مغربی کلچر اپنانے والے طلبا پر کیمپس میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کر لیا، حلیہ تبدیل نہ کرنے والے طلبا کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں دی جائیگی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی ثقافت میں ملبوس طلبا کے یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر طلبہ نے حلیہ نہ بدلہ تو امتحانات میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آج کل یو نیورسٹی طلبہ میں مغربی ثقافت تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے اور اس کے آئے روز مظاہرے بھی دیکھنے کو ملتے ہی رہتے ہیں۔

مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مصر کے جنوبی صوبے قِنا میں واقع ایک یونیورسٹی نے مغربی انداز کے ہیئر کٹ رکھنے والے اور زنجیریں، کڑے، پھٹی ہوئی جینز اور شارٹس پہن کر آنے والے طلبہ کے یونیورسٹی میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ساؤتھ ویلی یونیورسٹی کے سربراہ یوسف الغرباوی نے فیصلہ کیا کہ مذکورہ امور کے مرتکب کسی بھی طالب علم کو دوسرے تعلیمی سمسٹر میں یونیورسٹی کے کیمپس اور لیکچرز ہال میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ان افعال کو دہرائے جانے کی صورت میں متعلقہ طلبہ کو امتحان میں شریک ہونے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔