دنیا کا معمر ترین سیاہ گینڈا تنزانیہ میں چل بسا

Last Updated On 31 December,2019 10:19 am

تنزانیہ: (روزنامہ دنیا) دنیا کا معمر ترین گینڈا، تنزانیہ کے وائلڈ لائف پارک میں چل بسا جس کی عمر 57 برس تھی۔ اس وقت سیاہ گینڈوں کی بقا کو خطرات لاحق ہیں اور ان کی تعداد 5500 کے لگ بھگ ہی رہ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فوسٹا سیاہ گینڈا تھا جو تنزانیہ میں گورنگورو کریٹر کے پاس واقع جانوروں کے تحفظ کی پارک میں گزشتہ تین برس سے موجود تھا۔ پارک انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ یہ سیاہ گینڈا ریکارڈ عرصے تک جیتا رہا اور سب سے زیادہ عمر پانے والا سیاہ گینڈا تھا۔

پارک سے وابستہ جنگلی حیات کے ماہر ڈاکٹر فریڈی مانونگکی نے کہا کہ مادہ گینڈا قدرتی طور پر مری ہے اور اس نے زندگی کا بڑا حصہ آزادانہ طور پر گزارا۔ سال 1965 میں یونیورسٹی آف دارالسلام کے سائنس دانوں نے فوسٹا کو ایک جنگل میں اس وقت دیکھا تھا جب اس کی عمر صرف تین برس تھی۔

یہ مادہ گینڈا 2016 تک صحتمند رہی اور اس کے بعد لاغر اور بیمار ہوگئی اور لگڑ بھگوں کے حملے کے بعد یہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔ اس وقت سیاہ گینڈوں کی بقا کو خطرات لاحق ہیں اور ان کی تعداد 5500 کے لگ بھگ ہی رہ گئی ہے۔