شاعری کلینک آئیں، مرض بتائیں، شاعری کا نسخہ لے جائیں

Last Updated On 01 January,2020 10:56 am

لندن: (روزنامہ دنیا) برطانیہ کے ایک چھوٹے سے شہر میں سڑک کنارے ایک دکان ہے جس کے باہر ‘پوئٹری فارمیسی’ یعنی شاعری دواخانہ لکھا ہے۔ یہ شاعرانہ کلینک شراپ شائر کے علاقے بشپ کاسل میں واقع ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ دنیا کی پہلی دکان ہے جس کی مالکن ڈیبرا ایلما خود شاعری کرتی ہیں اور یہاں آنے والے مریضوں سے ان کی کیفیت کا مکمل احوال سننے کے بعد انہیں کاغذ پر چھپا شاعری کا نسخہ بطور دوا تجویز کرتی ہیں۔ 

یہ نسخہ مریض ریفریجریٹر یا اپنے پڑھنے کی میز کے پاس لگا سکتے ہیں تاکہ بار بار دیکھ کر اسے پڑھا جا سکے۔ ان کی دکان میں لوگوں کے ‘موڈ’ کے لحاظ سے کتابیں بھی رکھی ہیں کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ شاعری، شکستہ دل، اداس لمحات اور پریشان خیالی جیسے کئی نفسیاتی عارضوں کا بہترین علاج ہے۔

ڈیبرا نے بتایا کہ درست شخص کیلئے درست شاعری کا انتخاب ہی اصل کام ہے ۔ وہ کئی برس سے ڈیمنشیا کے مریض کیلئے شاعری تجویز کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایک ایمبولینس بھی خریدی ہے جس پر ‘ایمرجنسی شاعر’ لکھا ہے اور وہ ملک بھر میں گھوم کر لوگوں کو شفائیہ شاعری تقسیم کرتی ہیں۔