فوٹو سیشن کی خاطر جنگل میں آگ لگانیوالا چینی جوڑا گرفتار

Last Updated On 01 January,2020 12:27 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں ایک جوڑے کو فوٹو سیشن کی خاطر جنگل میں آگ لگانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جوڑے نے صرف تصاویر کی خاطر گھنے جنگل کو آگ لگا دی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گوانگڈونگ کی ڈونگیوان کاؤنٹی میں لگنے والی آگ سے متعلق تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ آگ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث نہیں لگی بلکہ کسی نے عمداً لگائی ہے۔

تحقیقات سے پتہ چلا کہ آگ لگانے کے بعد اس جوڑے نے پہاڑ کی چوٹی پر کھڑے ہو کر تصویریں بنائی تھیں، آگ کی فوٹیج دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ آگ کے شعلے پہاڑوں کی طرف بلند ہو رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگل میں آگ بھڑکنے کے باعث چوٹی بغیر درختوں کے نظر آرہی ہے ۔چینی حکام نے جنگل میں آگ لگانے کے جرم میں جوڑے کو گرفتار کرلیا تھا تاہم 15 دن انتظامی حراست میں رکھنے کے باوجود ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان پر مقدمہ چلایا جائے گا یا نہیں۔