ماہانہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد کمانے والے بزنس مین کو سچے پیار کی تلاش

Last Updated On 13 February,2019 04:52 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دولت ہر مسئلے کا حل نہیں، یہ حقیقت اس وقت مزید آشکار ہو گئی جب ماہانہ ڈیڑھ کروڑ کمانے والے آسٹریلوی بزنس مین نے شکوہ کیا کہ وہ سچے پیار سے تاحال محروم ہے اور اس ویلنٹائن ڈے کو اکیلا ہی سلیبریٹ کرے گا۔

میتھیو لیپرے 26 سالہ آسٹریلوی نوجوان کا کہنا ہے کہ میں ایسی لڑکی ہرگز قبول نہیں کروں گا جو صرف دولت کی خاطر پیار جتائے، اس کی زندگی کا یہ المیہ رہا ہے کہ دولت کمانے کی دھن میں ایسا مصروف ہوا کہ ٹین ایج میں شادی کا لفظ جیسے اس کی ڈکشنری میں تھا ہی نہیں۔

اوائل عمری سے میتھیو کی زندگی کا واحد مقصد اپنی والدہ کو سپورٹ کرنا تھا اس لئے تمام تر توجہ پیسہ کمانے پر ہی مرکوز رہی۔ مغربی سڈنی کے رہائشی نوجوان کو پیسے اور صرف پیسے کے جنون کے سبب یونیورسٹی سے بھی نکال دیا گیا۔ میتھیو پر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ اس نے 24گھنٹے کے دوران تین تین نوکریاں کیں لیکن ہمت نہیں ہاری۔

اب وہ اپنے ای-کامرس بزنس سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ماہانہ کمانے کے قابل ہو گیا ہے جس سے اسکی والدہ کی اچھی خاصی گزر بسر ہو جاتی ہے، میتھیو کو لیکچرز دینے کیلئے دور دراز کا سفر بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس ساری مصروفیت کے سبب بد قسمتی سے وہ اس قدر مصروف ہو گیا ہے کہ اس کی ذاتی زندگی بہت پیچھے کہیں رہ گئی ہے اور لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع اسے نہیں مل پاتا جس کے باعث خواتین کے ساتھ دوستانہ مراسم بڑھانا بھی ناممکن سا ہو گیا۔

ان حالات میں میتھیو کچھ مایوس دکھائی دیتا ہے تاہم ویلنٹائن ڈے کی آمد پر اسکی امید ایک بار پھر جاگی تاہم کوشش کے باوجود ایسی لڑکی نہیں ملی جو اس کی سوچ سے مطابقت رکھتی ہو اور تمام زندگی سچے ساتھی کی طرح گزارنے کی متمنی ہو۔

ڈیٹنگ ویب سائٹس کے حوالے سے میتھیو کا کہنا ہے کہ اس کے معیار کے مطابق جیون ساتھی ڈھونڈنا یہاں ممکن نہیں، اسے جزوقتی نہیں زندگی بھر کا ساتھ چاہیے لہذا میتھیو اس سال ویلنٹائن ڈے کو اکیلے ہی سلیبریٹ کرے گا۔

 

 

Advertisement