کرونا وائرس عالمی وبا بننے کا خدشہ، دنیا بھرمیں ہلاکتیں 2800 سے بڑھ گئیں

Last Updated On 28 February,2020 09:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بننے کو ہے، ایران اور اٹلی میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ رہی ہے، دنیا بھرمیں مرنے والوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی۔ چین میں 44، جنوبی کوریا میں 256 نئے کیسز سامنے آ گئے، نائجیریا میں ایک کیس ریکارڈ پر آ گیا۔

کرونا عالمی وبا بننے کو ہے، خطرناک وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا فیصلہ کن نقطے پر پہنچ چکی ہے۔ یہ عالمی وبا بن سکتی ہے۔

چین سے زیادہ تعداد میں دیگر ممالک میں اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جنوبی کوریا میں 256 نئے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد جنوبی کوریا میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 22 ہو گئی ہے۔ نائیجیریا میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

چین کے بعد اٹلی اور ایران میں یہ انفیکشن سب سے زیادہ پھیلا ہے، ایران کے کئی اعلی حکام بھی اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ خواتین اور خاندانی امور کی نائب صدر معصومہ ابتیکر بھی اس سے متاثر ہو چکی ہیں۔
 

Advertisement