کرونا سے عوام کی حفاظت کیلئے قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے: شہباز شریف

Last Updated On 27 February,2020 02:25 pm

لندن: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کرونا کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر افسوس ہے، عوام کی حفاظت کیلئے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیان بازی کی بجائے انتظامات پر توجہ دی جائے، وزیراعظم عمران خان کو اب تک بیماری سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر لینے چاہیئے تھے، درکار طبی آلات بھی ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک سے منگوائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وائرس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے ورنہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی، قومی سطح پر آگہی مہم چلائی جائے تا کہ شہریوں کو صورتحال میں رہنمائی میسر آئے۔ شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ برادر ملک چین سے کرونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ وارانہ رہنمائی لی جائے، ماہرین اور ڈاکٹرز کی ٹاسک فورس بنائی جائے تا کہ قومی پالیسی کی تشکیل ہو سکے۔ شہبازشریف نے قوم سے دعا کی خصوصی اپیل کی کہ اللہ تعالی سب کو اس آفت سے محفوظ رکھے۔
 

Advertisement