بندرگاہ پر کنٹینرز کے انبار، معاملہ حل نہ ہوا تو جہاز لوٹانے پڑینگے: سندھ حکومت

Published On 16 May 2017 05:24 PM 

ہر گزرتے لمحے کے ساتھ حالات گھمبیر ہونے لگے، کراچی کی بندرگاہ پر کنٹینرز کے انبار، معاملہ حل نہ ہوا تو بحری جہازوں کو سامان اتارے بغیر ہی لوٹانا پڑے گا، سندھ حکومت کی وارننگ۔

کراچی: (دنیا نیوز) مال بردار گاڑیوں کی ہڑتال سے رسد کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ دالوں کے امپورٹرز ہوں یا سبزی فروٹس کے ایکسپورٹرز، لیدر مصنوعات بنانے والے ہوں یا کیمیکلز کے امپورٹرز گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے سب کی چیخییں نکل گئی ہیں۔

ہیوی گاڑیوں کے نہ چلنے سے تجارت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ایکسپورٹرز کے تیار مال کو فیکٹریوں میں گھن کھا رہا ہے تو امپورٹرز کے کنٹینرز کا پورٹ پر ڈھیر لگ رہا ہے جس پر انہیں جرمانہ الگ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ رسد کا نظام بحال نہ ہونے سے درآمد ہونے والی کھانے پینے کی بیشتر اشیاء کے دام چڑھنا شروع ہو گئے ہیں اور سارا نزلہ عوام پر ہی گر رہا ہے۔