چین کی پاکستان کو قرض فراہم کرنے کی یقین دہانی

Last Updated On 13 August,2018 06:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضروت نہیں، مشکل کی گھڑی میں دوست ملک چین نے قرض فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

امریکا نے آئی ایم ایف کو آنکھیں دیکھائی تو چین میدان میں آگیا، جس کے بعد پاکستان کو اب آئی ایم ایف کا در کھٹکھٹانے کی کوئی ضروت نہیں ہے۔ عالمی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین نے پاکستان کو قرض فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب چین قرض کی صورت میں پاکستان کی مالی مدد کر رہا ہے۔ چین گزشہ برس بھی پاکستان کو 5 ارب ڈالر قرض دے چکا ہے۔

عالمی جریدے کے مطابق چینی حکام نے قرض کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کو خسارہ کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کے لیے بھی کہا ہے۔ موجودہ حالات میں ادائیگیوں کے توازن کو ٹھیک کرنا پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔

واضح رہے کہ متوقع وزیر خزانہ اسد عمر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو ہر ماہ 2 ارب ڈالر کا خسارہ ہے۔ عالمی جریدے کے مطابق پاکستان کو فوری طور پر 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ چین کے قرض سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا۔

Advertisement