چینی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پشاور میں 110 روپے پر فروخت

چینی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پشاور میں 110 روپے پر فروخت

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں ایک کلو چینی کی قیمت 110 روپے تک پہنچ گئی اور لاہور، اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی کی نسبت پشاور میں چینی 10 روپےفی کلو مہنگی ہے جبکہ سیالکوٹ،گوجرانوالہ، ملتان اور سکھرکی نسبت پشاور میں چینی15 روپے فی کلو تک مہنگی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور،کراچی اور حیدرآباد میں چینی 100 روپے کلو ہے جب کہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور سکھر میں چینی 95 روپےکلو فروخت ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی سٹورز کو 67 روپے رعایتی چینی دینے کا وعدہ پورا کر دیا: جہانگیر ترین

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں چینی کی اوسط قیمت 95 روپے 67 پیسے فی کلو تک ہے اور ایک کلو چینی کی کم ازکم قیمت 92 جب کہ زیادہ سے زیادہ 110 روپے ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کھانے پینےکی 15 چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ اور 13 چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ ایک ہفتے میں 23 چیزوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے پیاز بھی 3 روپے کلو مہنگا ہوا جس کے بعد قیمت 45 روپے ہوگئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 6 روپے مہنگا اور قیمت 1002 روپے رہی۔