لاہور: (دنیا نیوز) سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیئے جانے پر تاجر برادری اور صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے نام تہنیتی خط میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریار نے انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام شہر کی ترقی کے لئے حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔ ایس ڈی اے کے قیام سے شہر کے تعمیراتی اور دیگر حل طلب امور کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے شہر کی سڑکو ں کی پلاننگ، مینجمنٹ اور روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے شہر میں سینی ٹیشن اور سیوریج کے مسائل بھی حل ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ایس ڈی اے کے قیام کے لئے بھرپور کاوشیں کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
قیصر اقبال بریار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 9 دسمبر کو دورہ سیالکوٹ میں کیا گیا وعدہ پورا کر کے دل جیت لئے ہیں۔ سیالکوٹ کی تاجر برادری حکومتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری آنے والے سالو ں میں ایکسپورٹ بڑھانے کا عہد پورا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔