خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کی تاریخ کی بلند ترین سطح 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کئے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترسیلاتِ زر اور سروسز کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا، بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف ملکی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی ہماری استعداد بھی کئی گنا بڑھائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستحکم معاشی پوزیشن ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر سٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک پاکستانی عوام کو اس اہم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔