خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 3 ماہ میں پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پمز ہسپتال کی بہتری کے لائحہ عمل سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پمز کی تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے ہسپتال کے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات پر عملدرآمد آئندہ 3 ماہ میں یقینی بنایا جائے، جبکہ پمز کی بہتری اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پمز کے فائر سیفٹی نظام کیلئے پی کے ایل آئی سے معاونت اور تجاویز لی جائیں، جبکہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں موجود تجاویز پر غور کر کے ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتال میں ادویات اور دیگر سہولیات بالکل مفت فراہم کرنے کے اقدامات کو بھی لائحہ عمل کا حصہ بنایا جائے، جبکہ پمز کی بہتری کیلئے اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت تعینات کی جائے، انہوں نے پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے طویل مدتی اقدامات پر مشتمل ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے پولی کلینک ہسپتال کا آڈٹ کر کے بے ضابطگیوں کو دور کرنے اور اس کی تنظیم نو کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، سی ڈی اے اور تمام متعلقہ اداروں کو سرکاری و نجی دفاتر اور عمارتوں کا فائر سیفٹی کے حوالے سے آڈٹ یقینی بنانے اور تمام دفاتر و عمارتوں میں ضروری فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر اجلاس کو وزارت قومی صحت کی جانب سے پمز ہسپتال کی بہتری اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پمز ہسپتال کے پرفارمنس آڈٹ میں جانچ کئے گئے انڈیکیٹرز میں 90 فیصد کے قابل قبول ہدف کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس پائی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں 37 مجوزہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، جبکہ قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات سے متعلق بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفیٰ کمال، معاون خصوصی مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔