اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو آئی ایم ایف کے فورم پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ معاشی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دیدی گئی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق بجلی کے ریٹ بڑھانے کا مکمل پلان اور سبسڈی کم کرنے کا مکمل روڈ میپ بھی آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے مکمل حکمت عملی بھی آئی ایم ایف کے حوالے کی گئی ہے۔
اجلاس میں آئی ایم ایف کی جانب سے 50 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری دیدی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان نے 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام طے کیا ہوا ہے، قرض پروگرام میں پاکستان کو دو اقساط میں ایک ارب 45 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں۔