اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا، مہنگائی کی مجموعی شرح 12.28 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر 6 روپے 41 پیسے مہنگاہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق لہسن16 روپے 66 پیسے، پیاز 1 روپے 94 پیسے، چینی 2 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، آلو ایک روپے دو پیسے، انڈے 2 روپے 54 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق خوردنی گھی 2 روپے 69 پیسے، خوردنی تیل 11 روپے 4 پیسے مہنگا ہوا، حالیہ ہفتے دال چنا، چاول، دہی، تازہ دودھ اور مٹن بھی مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے زندہ مرغی 28 روپے 92 پیسے سستی ہوئی ہے، کیلے 3 روپے 93 پیسے درجن، دال مونگ 3 روپے 56 پیسے فی کلوسستی ہوئی، دال ماش ایک روپے 25 پیسے، دال مسور 54 پیسے سستی ہوئی۔ حالیہ ہفتے آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 2 روپے پچاس پیسے سستا ہوا، ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔