ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد، ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار شریک ہوئے

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد، ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار شریک ہوئے

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ آج دس بجے شروع ہوا  اور تین گھنٹے بعد مقررہ وقت پر ختم ہو گیا۔ 

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے ملک کے 34 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔

ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، پنجاب کے میڈیکل کالجز کے لیے 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوئے۔

بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، اسلام آباد میں ایک ہزار 245 جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں 237 امیدوار امتحان دینے کے اہل قرار پائے تھے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا، ہر صوبے کے لیے علیحدہ پرچہ ہوا جبکہ کم از کم دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے۔

ہر پرچے میں امیدواروں کے لیے 180 سوالات شامل کیے گئے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد صوبائی حکام اور نامزد جامعات کی ذمہ داری ہے، جبکہ امتحان کے بعد متعلقہ جامعات سوالیہ پرچے اپنے پاس رکھ سکتی ہیں۔

امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں تھی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا تھا۔

امتحان ختم ہونے کے بعد امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتے تھے، انہیں مرکز سے روانہ ہونے سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا تھا، جبکہ سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ تصور ہوگا۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی لگائی گئی۔

ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی یہ بھی کی گئی تھی کہ جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی، جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں شرکت کر سکے، تاہم امتحانی مرکز پر امیدواروں کی شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی گئی۔