لاہور: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی مزید مہنگی ہو گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 18 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 170 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 170 روپے 66 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/pEqp2C7QFs pic.twitter.com/YYaTQZyfYP
— SBP (@StateBank_Pak) September 30, 2021
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، حصص مارکیٹ میں 532.86 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 44899.60 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.2 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 21 کروڑ 25 لاکھ 4 ہزار 359 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔