رواں ہفتے بھی گھی، دالیں اورانڈوں سمیت بیس اشیاء خورونوش مزید مہنگی

Published On 26 November,2021 05:40 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)رواں ہفتے بھی گھی، دالیں اورانڈوں سمیت بیس اشیاء خورونوش مزید مہنگی ہوگئیں، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کا پارہ تاحال18 فیصد سے زائد رہا جبکہ مہنگائی کی مجموعی سطح میں صفر اعشاریہ 67 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادادہ شماریات کی ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ،رواں ہفتے دالیں،گھی،انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مہنگائی کا پارہ تاحال18 فیصد سے زائد رہا۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں گھی کی قیمتوں میں بھی کمی نہ آ سکی ، ایک ہفتے کے دوران گھی کا اڑھائی کلو کنستر مزید 19 روپے تک مہنگا ہوکر 979روپے سے بڑھ کر 988 کی سطح پر پہنچ گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کیلے فی درجن دو روپے،آلو ایک روپے مہنگے ہوئے، رواں ہفتے لکڑی کی فی من قیمت میں 8 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ رواں ہفتے 8 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک کمی ہوئی، رواں ہفتے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 12 روپے تک کمی ہوئی جبکہ رواں ہفتے بریڈ ،مٹن ،چائے کی پتی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 

Advertisement