اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر عملدرآمد شروع ہوگیا، اسلام آباد کے سستے بازاروں میں چینی 70 روپے کلو ہوگئی اور 7 بازاروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے وافر مقدار موجود ہے۔
مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کیلئے اچھی خبر، وزیراعظم کی ہدایت پر یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کر دی گئی ہے جبکہ شہباز شریف کے احکامات کے بعد اسلام آباد کے سستے بازاروں میں چینی 70 روپے فی کلو فروخت ہونا شروع ہوگئی ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں تمام اسٹورز پر چینی 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلو کر دی گئی ہے، رمضان سبسڈی کے تحت چینی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں فروحت کیا جا رہا ہے جو پہلے 950 روپے میں فروحت ہو رہا تھا۔
رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملنے والی 19 اشیا کی فروحت شناختی کارڈ سے منسلک کی گئی ہے۔