20 سالوں سے امریکا پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار رہا ہے: ڈونلڈ بلوم

Published On 16 November,2022 08:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں امریکی سفیر سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں سے امریکا پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار رہا ہے، پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں گزشتہ برس پچاس فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

عالمی ہفتہ انٹرپرینیور شپ کے حوالے سے امریکی سفیر ڈونلڈ بَلوم اور وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پاک امریکہ باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبہ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر کہا گیا کہ امریکا ایک عرصہ سے پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جس میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے۔

امریکی مردم شماری بیورو کے مطابق امریکا نے 2021 میں پاکستان سے پانچ اعشاریہ تین ارب ڈالر کی اشیاء درآمد کیں جبکہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں گزشتہ برس پچاس فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیرِانتظام پانچ برسوں پر محیط فروغ سرمایہ کاری کا منصوبہ “آئی پی اے” پاکستان میں کاروباری ماحول کو نہ صرف تقویت دے گا بلکہ براہ راست بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ پاک امریکا سرمایہ کاری اور تجارت کوفروغ دے گا، مجموعی طور پر اس منصوبہ کا مقصدپاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہوئے سرمایہ کاری اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنا ہے، اس منصوبہ کے تحت پاکستان میں رجسٹر ہونے والے ایسے اداروں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی جو امریکا کے ساتھ تجارت کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہونگے اور جن میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت موجود ہو گی۔

افتتاحی تقریب میں پاک امریکا باہمی تجارت کے مواقع کے حوالے سے اپنے غیر رسمی کلمات میں سفیر بَلوم نے کہا کہ گزشتہ بِیس سالوں سے امریکہ پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار رہا ہے جبکہ یہ سرمایہ کاری گزشتہ ایک دہائی میں پاکستان میں ہونے والی سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہے۔

انہوں کے کہا کہ اس اقتصادی تعاون کی بنیاد کو مزید وسعت دیتے ہوئے امریکا پاکستان کے ساتھ اپنی باہمی تجارت کو فروغ دینے، سرکایہ کاری کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروباری اور تعلیمی مواقع کی ترویج کا خواہاں ہے، پاکستان کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے امریکی حکومت کے دیر پا عزم کے تحت یو ایس ایڈ حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک کار کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں کاروباری طریقوں کو ہموار کیا جا سکے، انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے، ضابطوں میں اصلاحات اور مسابقت کو فروغ دیا جا سکے تاکہ ملک میں کاروباری لاگت کو نیچے لا کر پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جا سکے۔ یہ منصوبہ پاکستان اور امریکی کاروباروں کے بیچ میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔
 

Advertisement