اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزارت خزانہ اور شوگر ملز حکام کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ حکام نے شوگر ایکسپورٹ کی اجازت نہیں دی، حکومت نے شوگر ملز کا چینی وافر مقدار میں ہونے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
نیشنل فورڈ سکیورٹی کے وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سٹاک کی مجموعی صورتحال سے آگاہ نہیں کیا، سندھ میں 40 فیصد گنے کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، سٹاک کی صورتحال واضح نہ ہونے تک برآمد کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ایسا نہ ہوکہ گنا کم پیدا ہو اور ہمیں چینی درآمد کرنی پڑ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی چینی باہر سے درآمد کرکے کیسز بھگتنا نہیں چاہتے، جمعرات کو شوگر ملز ایسوسی ایشن سے دوبارہ مذاکرات ہونگے۔