کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 16 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال 24-2023 کے بجٹ کا حجم 700 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 529 ارب 32 کروڑ روپے ہے جبکہ بجٹ کا خسارہ 150 ارب سے زائد ہونےکا امکان ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ 200 ارب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے، بجٹ میں 5 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں بلوچستان کے اپنے وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 60 ارب 32 کروڑ روپے ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل اور دیگر ذرائع سے آمدن کا تخمینہ 413 ارب روپے ہے۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کیلئے 90 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے جبکہ امن وامان کیلئے 60 ارب روپے اور صحت کیلئے 50 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔