اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کوششوں سے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ ممکن ہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پیرس میں آئی ایم ایف قیادت سے 2 دنوں میں 3 ملاقاتیں اور رابطے ہوئے، وزیرِ اعظم کی پیرس میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرِ اعظم نے پیرس میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی، اس ملاقات کے بعد صدر اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) نے پاکستان کو 1 ارب ڈالرز فنانسنگ کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تجویز کردہ اقدامات فوری طور پر بجٹ کا حصہ بنانے کے احکامات جاری کئے تھے۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے، عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 9 ماہ کا سٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا ہے۔