پاکستان آذربائیجان کے مابین تجارت کے قوانین تشکیل دینے بارے ٹاسک فورس قائم

Published On 18 July,2023 10:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان آذربائیجان کے مابین تجارت کے قوانین تشکیل دینے بارے ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی۔

وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی آذر بائیجان کے وزیر برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ رشد نبیایو سے وزارت مواصلات میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی، وزیر اسعد محمود نے آنے والے وفد کے ارکان کو خوش آمدید کہا۔

ملاقات میں حکومتی ،کاروباری اور عوامی سطح پر دو طرفہ رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، اسعد محمود نے کہا کہ بلوچستان سے تافتان تک روڈ نیٹ ورک بچھایا ہے جس سے براستہ آذربائیجان یورپ کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علاقائی روابط ، پاک قازق تجارتی تعلقات کیلئے اہم ،جلد پیشرفت متوقع ہے، سفیر یرزن کستافین

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے روابط میں استحکام سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی، وزیر برائے مواصلات نے امید ظاہر کی کہ وزیر رشد کی پاکستان آمد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔

رشد نبیایو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مضبوط تعلقات کے لئے بین الوزارتی تعلقات اہم حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان مشرقی یورپ تک رسائی کے لئے آذر بائیجان کو ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کر سکتا ہے، ہم گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی چاہتے ہیں۔