اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور فرانسیسی ترقیاتی ادارے کے درمیان 180 ملین یورو فراہمی کے پراجیکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب ہوئی۔
مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی اور اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر نے پراجیکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کئے، فنڈنگ سے سیالکوٹ، وہاڑی، عارف والا میں گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز تعمیر کی جائیں گی۔
ایم ڈی این ٹی ڈی سی رانا عبدالجبارخان نے بتایا کہ سیالکوٹ اور وہاڑی میں 500 کے وی اور عارف والا میں 220 کے وی کا نیا گرڈ سٹیشن تعمیر کیا جائے گا، فرانسیسی ادارے کی فنڈنگ سے پاکستان میں بجلی کی موثر ترسیل و تقسیم میں مدد ملے گی۔
این ٹی ڈی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر کے مطابق نئے گرڈ سٹیشنز کی تعمیر سے میپکو اور گیپکو کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔