پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصد کمی

Published On 03 September,2023 12:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمارکے مطابق جولائی اور اگست کے دوران ملک میں 2.76 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی کھپت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے۔

دوسری جانب برقی مشینری اور آلات کی درآمد میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی کے مہینے میں برقی مشینری اور آلات کی درآمد پر 174 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 28 فیصد کم ہے۔

مزید برآں ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی میں پام آئل کی درآمدات میں 5.40 فیصد اورسویابین آئل کی درآمدات میں 6.82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب افغانستان کو پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ جولائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے اعداد و شمارکے مطابق جولائی 2023ء میں افغانستان کو 42.173 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 32.79 فیصد زیادہ ہے۔