کراچی کیلئے بجلی 10.32 روپے فی یونٹ تک مزید مہنگی کرنیکی درخواست

Published On 04 September,2023 01:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کراچی کیلئے بجلی مزید 10 روپے 32 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں 23-2022 کی 3 مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں اضافہ مانگا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں اکتوبر تا دسمبر 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں47 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ جولائی تا ستمبر 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 4.45 روپے فی یونٹ وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کو جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وصولیاں ستمبر اور اکتوبر 2023 میں کی جائیں، اپریل تا جون کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی کیا جائے۔

خیال رہے کہ اپریل تا جون کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ تک بنتا ہے، نیپرا کی جانب سے حکومتی درخواست پر 11 ستمبر کو سماعت کی جائے گی۔