اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، گوہر اعجاز نے سفیر کی وساطت سے امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے، کونسل کا مقصد مختلف شعبوں میں کانوں، معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے، نگران وزیر تجارت نے اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لئے حکومتی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
نگران وزیر تجارت نے مستقبل کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا، ٹیکسٹائل، ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس، تازہ آم، کھجور، سویا بین اور بیف سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔