نگران وزیراعظم سے بوہو گروپ کے شریک بانی کی ملاقات، تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 25 September,2023 08:09 pm

لندن: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے بوہو گروپ کے شریک بانی عبداللہ کامانی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون اور تجارت بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے دوران بوہو گروپ کے شریک بانی عبداللہ کامانی نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی خریداری کے روابط قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، عبداللہ کامانی نے کپاس سے ملبوسات کی پیداوار تک ایک جامع سپلائی چین بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعظم سے لندن کی کیپٹل اینڈ فنانشل مارکیٹ کے رہنماؤں کی ملاقات

وزیر اعظم نے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا اور خصوصی اقتصادی زونز میں مینوفیکچرنگ سہولیات کے قیام میں تعاون کی پیشکش کی، وزیراعظم نے بوہو گروپ پر پاکستان میں بائنگ ہاؤس کے قیام پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے بوہو گروپ کو تعاون بڑھانے کے لیے ایک وفد پاکستان بھیجنے کی دعوت دی، واضح رہے بوہو گروپ ایک مشہور برطانوی آن لائن فیشن ڈیزائنر کمپنی ہے جس کی سالانہ فروخت ایک بلین پاؤنڈ سے زیادہ ہے۔