نگران وزیر اعظم سے لندن کی کیپٹل اینڈ فنانشل مارکیٹ کے رہنماؤں کی ملاقات

Published On 25 September,2023 05:33 pm

لندن: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے لندن کی کیپٹل اینڈ فنانشل مارکیٹ کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفد کو حکومت کے معاشی منظر نامے سے آگاہ کیا، نگران وزیراعظم نے بیرونی کھاتوں کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط کیا، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوست ممالک کی جانب سے رقوم آئیں۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ مثبت اشاریوں نے مہنگائی میں کمی، مستحکم ذخائر اور صنعتی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

ملاقات کے دوران نگران وزیراعظم نے اہم شعبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی، انہوں نے آئی ایم ایف معاہدے کے مثبت اثرات، معیشت اور کرنسی کے استحکام سے وفد کو آگاہ کیا۔