غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے لیے نیشنل رجسٹریشن امتحان کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان

Published On 24 December,2025 04:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے لیے نیشنل رجسٹریشن امتحان کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔

امتحان نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز راولپنڈی کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا، پرچہ سازی، نتائج کی تیاری اور حتمی اعلان سمیت امتحان کے تمام بنیادی مراحل نمز کو سونپے گئے۔

مجموعی طور پر 7,076 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، 6,993 میڈیکل اور 83 ڈینٹل کے امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی۔

7,012 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں 1,473 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیاب امیدواروں میں 1,467 میڈیکل کے اور 6 ڈینٹل شامل ہیں۔

میڈیکل امیدواروں کی کامیابی کی شرح 21.17 فیصد جبکہ ڈینٹل امیدواروں کی شرح 7.23 فیصد رہی، 64 امیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے، امتحان 14 دسمبر 2025 کو منعقد ہوا۔

غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے لیے سال میں دو نیشنل رجسٹریشن امتحانات منعقد کرنا لازم ہے، اس سے قبل 25 جون 2025 کو مجموعی طور پر 5,035 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی۔

4,994 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جبکہ 1,252 امیدوار امتحان میں کامیاب ہوئے تھے، مجموعی میڈیکل کامیابی کی شرح 25.26 فیصد رہی جبکہ 41 امیدوار غیر حاضر تھے۔

دونوں مراحل میں کامیاب امیدواروں کو اندرون یا بیرونِ ملک ہاؤس جاب کیلئے عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔