نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا مکمل، جدید طبی سہولیات کی فراہمی

Published On 23 December,2025 09:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔

صوبائی وزیر تعمیرات کے مطابق 9 ارب 86 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ دسمبر 2025 کے مقررہ وقت پر مکمل کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا ہے کہ 97 کنال رقبے پر محیط اس ہسپتال میں دل کے امراض کے مکمل اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات اور جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو بہترین علاج میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سرگودھا اور گرد و نواح کے مریضوں کو دل کے علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔