اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی مقامی ویکسین پالیسی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، وفاقی وزارتِ صحت نے مقامی ویکسین پالیسی وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے۔
وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مقامی ویکسین پالیسی پر جلد اجلاس طلب کریں گے، جس میں ماہرین سے مشاورت کے بعد پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی کے تحت سال 2030 تک ہر قسم کی ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس اقدام سے مقامی فارماسیوٹیکل صنعت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
دوسری جانب مقامی ویکسین کی تیاری کے نتیجے میں 2030 تک ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے جب کہ بھارت اور چین پر ویکسین کے لیے انحصار بھی کم ہو جائے گا۔
وزارتِ صحت کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد بچوں کی 13 ویکسینز سمیت دیگر کئی اقسام کی ویکسین مقامی طور پر تیار کی جا سکیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت سالانہ 50 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ویکسین درآمد کرتا ہے۔



