کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 282 روپے 69 پیسے پر بند ہوئی، انٹربینک میں ڈالر بلند ترین سطح سے 24 روپے 41 پیسے تک گر گیا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5 روپے 50 پیسے کم ہو کر 282 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا، امریکی کرنسی بلند ترین سطح سے 50 روپے 50 پیسے سستی ہوئی۔
ادھر ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان رہا۔
روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی، سٹاک مارکیٹ میں 1261 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ 100 انڈیکس 47 ہزار 494 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 70 کروڑ ڈالر ملنے کی خبروں کا کیپیٹل مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا ہے۔
ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہوا جس سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔