کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سٹریٹجک پلان ’ایس بی پی وژن 2028ء‘ جاری کردیا۔
بینک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کراچی میں منعقدہ تقریب میں سٹیٹ بینک کا اسٹریٹجک پلان برائے 2023ء تا 2028ء’’ایس بی پی وژن 2028ء‘‘ جاری کردیا۔
’’ ایس بی پی وژن 2028ء‘‘سٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم کے بعد جاری کیا جانے والا پہلا منصوبہ ہے، اس میں مرکزی بینک کا نصب العین، مشن اور اگلے پانچ سال کے لیے متعین کلیدی اہداف بتائے گئے ہیں۔
— SBP (@StateBank_Pak) November 17, 2023
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ ’’سٹیٹ بینک وژن 2028ء‘‘ سٹیٹ بینک کے اس عزم کا اظہار ہے کہ قیمتوں کا استحکام اورمالی استحکام حاصل کیا جائے گا اور ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں حصہ لیا جائے گا۔
جمیل احمد نے مزید کہا کہ پلان کی تیاری کے دوران جن امور کو مدِنظر رکھا گیا ہے ان میں معیشت اور مالی استحکام کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات بشمول ماحولیاتی تبدیلی ، تیزرفتار ڈیجیٹل اختراعات اور رکاوٹیں، اور سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات بھی شامل ہیں۔