اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا تکنیکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق تکنیکی وفد ایف بی آر کے ساتھ ٹیکس پالیسی پر مذاکرات کرے گا۔
ایف بی آر اور آئی ایم ایف تکنیکی وفد ٹیکس پالیسی میں ترامیم کیلئے اقدامات کریں گے، ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور زیادہ ریونیو اکٹھا کرنا ہوگا۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کیلئے سکیم متعارف کرانے کا بنیادی ڈھانچہ بھی تکنیکی وفد کے ساتھ مل کر تیار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس پالیسی کے ذریعے مزید 10 لاکھ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق تکنیکی وفد کیساتھ مل کر ٹیکس پالیسی میں کی گئی ترامیم آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی، ٹیکس پالیسی اور انفورسمنٹ میں بہتری کیلئے تکنیکی وفد سے ایک ہفتہ تک مذاکرات جاری رہیں گے۔