اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں عید الفطر سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا جب کہ 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں پھر سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا، حالیہ ہفتے ملک میں ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.96 فیصد اضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پربھی حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح کم ہوکر29.45 فیصد ہوگئی ہے۔
پچھلے ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.09 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی اور اس سے پچھلے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں1.13 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ دو ہفتے مہنگائی میں کمی کے بعد پھر سے مہنگائی بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔
حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کی 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 13 کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ واررپورٹ (ایس پی آئی) کے مطابق حالیہ ہفتے میں چکن کی قیمت میں 2.99 فیصد،ٹماٹر کی قیمت میں11.93فیصد، پیاز کی قیمت میں 1.30 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
علاوہ ازیں مٹن کی قیمت میں0.41 فیصد،بیف کی قیمت میں0.75 فیصد ،روٹی کی قیمت میں 1.03فیصد،ٹاٹا چاول کی قیمت میں 0.14فیصد، پٹرول کی قیمت میں 3.45فیصد، لیڈیز سینڈل کی قیمت میں 12.52 فیصد، جینٹس سینڈلز کی قیمتوں میں8.70 فیصد اور لانگ کلاتھ کی قیمت میں2.23 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے برعکس آٹے کی قیمتوں میں2.68 فیصد،انڈوں کی قیمتوں میں1.89 فیصد،ایل پی جی کی قیمتوں میں1.89 فیصد،ڈیژل آئل کی قیمتوں میں1.18 فیصد،گڑ کی قیمتوں میں0.63 فیصد کمی ہوئی۔