اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی آؤٹ لک رپورٹ کو حکومتی پالیسیوں کی توثیق قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی آؤٹ لُک رپورٹ نے حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق کر دی ہے، آؤٹ لُک رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی مضبوط توثیق ہے، رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں خوش آئند امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے ایک مستحکم اور پائیدار معیشت کے لئے کام شروع کر دیا ہے، ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں، ہم مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو آسان بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 25 فیصد رہنے کی پیش گوئی
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری پچھلی 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی، پاکستان کا زرعی شعبہ مضبوط ہے اور اس میں اضافی ترقی کی صلاحیت موجود ہے، حکومت اے ڈی بی کی سفارشات پر عمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی معیشت بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے جس میں تمام پاکستانیوں کیلئے مواقع دستیاب ہوں۔
واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لُک رپورٹ رواں ماہ جاری کی ہے، رپورٹ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے اقتصادی اصلاحات کو اہم قرار دیا ہے اور رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی توقع کا اظہار کیا گیا ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ میں پاکستان کی آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو 2.8 فیصد ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ پاکستان میں آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی میں مزید کمی آنے کی امید ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک آ جائے گی۔