لاہور(دنیا نیوز ) پنجاب کے سرکاری اداروں کے بجلی بلوں میں اوورچارجنگ کا پری آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پنجاب بھر کے سرکاری محکموں میں مالی سال 2022-23 میں 76.02بلین کی بجلی کے بلوں میں اوورچارجنگ کا انکشاف ہوا ہے، انرجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی فراہم کردہ تفصیلات پر پری آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انرجی ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اداروں نے 1915.85گیگا واٹ بجلی استعمال کی ، صوبے بھر میں سرکاری اداروں سے اوورریڈنگ کرکے اوور چارجنگ کی گئی ۔
ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفسز کو انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بجلی کے بلوں کی مد میں ادائیگی رقوم کی تفصیلات ارسال کریں ، تمام سرکاری دفاتر اے جی آفس ،متعلقہ اکاونٹس آفسز کو بجلی کے بل بھجوائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اصل میٹر ریڈنگ اور اوور بلنگ کتنی کی گئی تفصیلات اکاؤنٹ آفس کو ارسال کی جائیں ،انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے معاملہ بجلی کی ترسیل کار کمپنیزکے سامنے رکھا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ ،اکاؤنٹ آفسز ،اکاؤنٹ جنرل ،فنانس ڈیپارٹمنٹ معاملہ کی جانچ پڑتال کرے گا۔
واضح رہے صوبائی محکموں کی بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مد میں رقوم کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے کام کا آغاز کردیا گیا۔