رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات 3.223 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں: شزہ فاطمہ

Published On 19 July,2024 11:28 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی آئی سی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات میں جون 2024 میں 298 ملین ڈالرز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال جون کے مہینے کے مقابلے میں 32.44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق جولائی 2023 سے جون 2024 کے دوران آئی ٹی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 2.596 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 3.223 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

شزہ فاطمہ نے کہا آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے حکومتی اقدامات جاری ہیں ،آئی ٹی برآمدات میں یہ اضافہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے وژن، انتھک محنت اور ان کی آئی ٹی سیکٹر کو فوقیت دینے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے اقدامات کی بدولت ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر مملکت آئی ٹی نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی بھر پور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی انڈسٹری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے کوشاں ہیں۔