اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر ادھار تیل کی سہولت کیلئے بات کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سعودیہ کیساتھ باہمی معاہدوں کے تحت پراجیکٹس سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہو رہی ہے، آئی ایم ایف کیساتھ ایکسٹرنل فنانسنگ پر بات چیت جلد فائنل ہو جائے گی۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری کیلئے بات آگے بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کیلئے ایڈوانس سٹیج پر ہیں اور جلد منظوری ہو گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ دوست ممالک کے علاوہ بھی کمرشل اداروں سے لینڈنگ پر بات چیت کر رہے ہیں، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کیلئے ابھی حتمی تاریخ نہیں دی جا سکتی، رواں ماہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری ہو جائے گی۔