اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کاوشوں سے پاکستان کی ترسیلات زر میں 24 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کی سالانہ ترسیلات زر اکتوبر 2024 میں 24 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب ڈالرز رہیں، جولائی تا اکتوبر 2024 میں مجموعی ترسیلات زر 35 فیصد بڑھ کر 11.8 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ترسیلات زرمیں تواتر کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کنٹرول کرنے میں معاونت بھی مل رہی ہے۔
دوسری جانب ملک کے تجارتی خسارہ میں اکتوبرکے دوران سالانہ بنیادوں پر 26 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر2024 میں ملک کا تجارتی خسارہ 1.608 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 26 فیصد کم ہے، گزشتہ سال اکتوبرمیں ملک کے تجارتی خسارہ کا حجم 2.174 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں تجارتی خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر 12 فیصد کی کمی ہوئی ہے، ستمبر میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 1.819 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔