اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکا نالج کوریڈور پروگرام پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ پروگرام نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے میں معاون ہے بلکہ پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیتیں فراہم کرتا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے یو ایس ایڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سات دہائیوں پر محیط پاک امریکا تعلقات کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر ویریا (کیٹ) سوم وونگسیر بھی موجود تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹیکنالوجی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہ باہمی تعاون نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرے گا بلکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے امن کا قیام کلیدی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان اپنی سٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر خطے میں رابطہ کاری اور ترقی کے لیے شراکت دار ہے، پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی احترام اور مشترکہ مقاصد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے پاک امریکا تعلقات کی تاریخی بنیاد پر روشنی ڈالی جو دفاعی تعاون سے شروع ہو کر ایک مضبوط ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے، انہوں نے تعلیم، انفراسٹرکچر اور اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعاون کے نئے پہلوؤں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔