ملتان: نشتر ہسپتال میں ڈائیلسز کے نئے مریضوں کے علاج پر پابندی

Published On 18 November,2024 12:54 pm

ملتان :( ویب ڈیسک ) نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلسز یونٹ میں نئے مریضوں کے علاج پر پابندی لگا دی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے نشتر ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے سے رجسٹرڈ 240 مریض ہی ڈائیلسز کروا سکتے ہیں، نئے مریضوں کے ڈائیلسز کروانے پر پابندی عارضی ہے، جو جلد ہی ختم کر دی جائے گی۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ جلد ہی حفاظتی انتظامات مکمل کر کے پابندی ختم کر دی جائے گی ، ایڈز وائرس مریضوں میں منتقل ہونے پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن نے انکوائری مکمل کر لی ہے، تحقیقاتی کمیشن گزشتہ روز تحقیقات کر کے واپس لاہور روانہ ہو گیا تھا۔

انتظامیہ کا بتانا ہے کہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ آج سیکریٹری ہیلتھ کو پیش کی جائے گی، کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 ہسپتال انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈائیلسز یونٹ سے اب تک 25 مریضوں میں ایڈز منتقلی کی تصدیق ہو چکی ہے۔